اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

ریسلنگ کے لیجنڈ ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ریسلنگ کے لیجنڈ ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ماسکو (صداۓ روس)
ریسلنگ کی دنیا کے مشہور ترین پہلوان اور عالمی شہرت یافتہ لیجنڈ ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے نہ صرف ریسلنگ کے شائقین کو افسردہ کر دیا بلکہ دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو بھی گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔

ہلک ہوگن کا اصل نام ٹری بولیا تھا۔ وہ انیس سو اسی اور نوے کی دہائی میں ریسلنگ کے سب سے مقبول چہروں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی پہچان ان کا دبنگ انداز، سنہرے بال، چوڑی چھاتی، مخصوص انداز میں للکارنے کا انداز اور رنگ میں دھواں دھار کارکردگی تھی۔ وہ لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھے اور نوجوان نسل ان کے انداز کی تقلید کیا کرتی تھی۔

ہلک ہوگن نہ صرف ریسلنگ میں اپنی بے مثال کامیابیوں کی وجہ سے مشہور تھے بلکہ انہوں نے کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی فلمیں بچوں اور نوجوانوں میں بے حد مقبول ہوئیں اور انہوں نے خود کو ایک مکمل تفریحی شخصیت کے طور پر منوایا۔

ہلک ہوگن نے سیاست کے میدان میں بھی دلچسپی لی اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ وہ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے اور کئی عوامی جلسوں میں ان کے ہمراہ دیکھے گئے۔ ہلک ہوگن کے انتقال پر صدر ٹرمپ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ “وہ ایک سچے امریکی ہیرو اور ثقافتی علامت تھے، جنہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں دل جیتے”۔

ریسلنگ کی دنیا میں ہلک ہوگن کو ایک عہد ساز شخصیت مانا جاتا ہے۔ ان کے انتقال پر کئی معروف پہلوانوں، فنکاروں اور مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہلک ہوگن جیسے لوگ روز روز پیدا نہیں ہوتے، وہ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

ہلک ہوگن کے جانے سے ریسلنگ کی دنیا ایک روشن ستارے سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی یادیں، ان کے مقابلے، ان کا انداز اور ان کی محنت ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

Share it :