جعلی فٹبال ٹیم کے ذریعے نوجوانوں کو جاپان بھیجنے کا انکشاف
اسلام آباد (صداۓ روس)
جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 نوجوانوں کو جاپان بھیجنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں ملوث انسانی اسمگلر کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص علی کو حراست میں لیا جس نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کا جعلی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور وزارتِ خارجہ کا جعلی این او سی تیار کر کے ویزے حاصل کیے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نوجوانوں کو جاپان بھجوانے کے لیے فی کس 40 سے 45 لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔ انکشاف ہوا ہے کہ وقاص علی 2024 میں بھی 17 نوجوانوں کو وزٹ ویزے پر جاپان بھجوا چکا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔