ہومتازہ ترینیوکرین روس تنازعہ، امریکا کا سعودی عرب اور عرب امارات سے رابطہ

یوکرین روس تنازعہ، امریکا کا سعودی عرب اور عرب امارات سے رابطہ

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
یوکرین روس صورت حال کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد اب امریکا نے سعودی عرب اور عرب امارات سے رابطہ کرلیا ہے. اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی اور اماراتی ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے جس میں یوکرین کی سرحد کے قریب روسی فوجی تنصیبات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس کال کا مقصد روس کے خلاف حمایت حاصل کرنا تھا.

عرب نیوز نے امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون شیخ عبد اللہ بن زاید سے ٹیلی فون پر الگ الگ بات کی ہے۔

اس رابطے میں روس یوکرین صورت حال کے علاوہ کئی اہم باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی جن میں یمن، ایتھوپیا اور سوڈان کی صورت حال بھی شامل تھی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل اور امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے باہمی تعاون اور مشترکہ رابطہ کاری کے شعبوں کو ترقی دینے، مشرق وسطیٰ میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے متحدہ عرب امارات کے سلامتی کونسل میں دو سال کے لیے غیر مستقل ممبر کے طور پر منتخب ہونے پر شیخ عبد اللہ بن زاید کو مبارک باد بھی پیش کی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل