ماؤنٹ ایورسٹ چوٹی سر کرنے والے دو بھارتی کوہ پیماوں کی موت

Mount Everest Mount Everest

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

نیپال میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے دو بھارتی کوہ پیما واپسی کے دوران ہلاک ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ارون تیواری اور سندیپ آریے نے کامیابی سے چوٹی سر کی تھی، تاہم اترتے وقت شدید تھکن اور خراب صحت کی وجہ سے وہ جان کی بازی ہار گئے۔
ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن نیپال کے سیکریٹری جنرل رشی بھنڈاری کے مطابق سندیپ آریے کو ’بالکونی‘ سے ’ساؤتھ کول‘ تک لانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ بچ نہ سکے۔ دوسری جانب ارون تیواری ’ہلیری اسٹیپ‘ کے قریب شدید تھکن کا شکار ہوئے اور چار شیرپا گائیڈز کی بھرپور کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز ایک ہی دن میں ریکارڈ 274 کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچے۔ رواں سال نیپال نے 500 پرمٹ جاری کیے ہیں جو 1953ء کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔