مغرب آزاد تجارت اور ملکیت کے اصولوں کو پامال کر رہا ہے، روسی وزیر خارجہ

Sergey Lavrov Sergey Lavrov

ماسکو (صداۓ روس)

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مغربی پالیسیوں کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب جارحیت کی کوئی حد نہیں جانتا اور عالمی مسائل کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سرگئی لاوروف نے یونائیٹڈ روس پارٹی کے جنرل کونسل کمیٹی آن انٹرنیشنل کوآپریشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “غلبہ حاصل کرنے کی لامتناہی کوشش میں مغرب جارحانہ پالیسی اپنا رہا ہے جس کی کوئی حدود نہیں۔ وہ ناقابل تصور پابندیاں عائد کر رہے ہیں جو مغربی نظام کے بنیادی اصولوں جیسے آزاد تجارت، مارکیٹ فورسز اور ملکیت کی ناقابل خلاف ورزی کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ “پابندیاں صرف ایک پہلو ہیں، اس کے علاوہ براہ راست فوجی مداخلت کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔” لاوروف نے یوریشیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ہم ایران کے ارد گرد اور مشرق وسطیٰ کے دیگر علاقوں جیسے فلسطین، لیبیا، شام، یمن اور دیگر مسائل دیکھ رہے ہیں جو پیدا کیے گئے ہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ براعظم کے دیگر تمام حصوں کو بنیادی طور پر نیٹو کی ذمہ داری کا علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔ “نیٹو عوامی جمہوریہ چین کو روکنے کے بہانے مشرق بعید میں اپنی انفراسٹرکچر توسیع کر رہا ہے۔”