ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے متحدہ عرب امارات پر تقریباً 3300 میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے یہ انکشاف کیا۔
پراغ میں GLOBSEC فورم سے خطاب کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہا کہ ایران کا حملہ UAE کے لیے بدترین صورتحال تھا، تاہم متحدہ عرب امارات نے اسے اچھی طرح سے سنبھال لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابوظہبی نے کئی تہوں والا مضبوط فضائی دفاعی نظام قائم کیا ہوا ہے۔
انور قرقاش نے زور دے کر کہا کہ تنازع کے 40 دنوں اور اس کے بعد UAE پر نشانہ بنائے گئے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کی کل تعداد تقریباً 3300 تھی۔ ان کے مطابق ان میں سے صرف 4 فیصد ہی متحدہ عرب امارات کے اندر نشانوں تک پہنچ سکے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی تھی جس میں تہران سمیت بڑے ایرانی شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل میں جوابی کارروائی کی جبکہ امریکہ کے فوجی اڈوں کو بحرین، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی نشانہ بنایا گیا۔