ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
خطے میں جاری جنگی ماحول اور کشیدگی کے باوجود اس سال عازمین حج کی تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے بتایا ہے کہ بیرون ممالک سے سعودی عرب آنے والے عازمین حج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار 153 ہو چکی ہے۔ سعودی حج پاسپورٹ فورس کے کمانڈر صالح المرابا نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اگلے دو دنوں میں عازمین کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیاں مشکلات کا شکار تھیں، تاہم حج کے موقع پر ان کی پروازیں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق پچھلے سال بیرون ممالک سے 15 لاکھ سے زائد حجاج کے علاوہ سعودی عازمین کی شمولیت سے کل تعداد 16 لاکھ 73 ہزار 320 ہوئی تھی۔