ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس کے عالمی کردار کو مضبوط بنانے کا بنیادی مقصد خصوصی فوجی آپریشن کے تمام اہداف حاصل کرنا ہے۔ سالانہ اسمبلی آف کونسل فار فارن اینڈ ڈیفنس پالیسی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “جب ہم روس کے عالمی اثر و رسوخ کو بڑھانے اور اسے ایک تہذیب، قابل اعتماد پارٹنر اور معاہدوں پر عمل کرنے والے کے طور پر پیش کرنے کی بات کرتے ہیں تو اس کا واحد راستہ خصوصی فوجی آپریشن کے تمام اہداف حاصل کرنا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “ہمارے دوست، ہمسائے، مخالف اور دشمن سب اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس لیے ہماری سفارتکاری کا بنیادی مقصد آپریشنل علاقے میں ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جو ہماری فوج کو خصوصی فوجی آپریشن میں زیادہ سے زیادہ مؤثر، کامیاب اور فیصلہ کن انداز میں کام کرنے کے قابل بنائے۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ مغرب روس کے اتحادیوں کو اس سے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر اس کے ہمسایہ ممالک پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جن میں آرمینیا بھی شامل ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آرمینیا کو غلط فیصلوں میں الجھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ روس کو نقصان پہنچایا جا سکے۔