چین، روس اور قزاقستان سے قرض لینے کی خبرغلط ہے، پاکستان
اسلام آباد(صداۓ روس)
پاکستان نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین، روس اور قزاقستان سے قرض کی خبر غلط ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں. پاکستان کے اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) نے اس خبر کی تردید کی کہ حکومت چین، روس اور قزاقستان سے پانچ بلین ڈالر حاصل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل مقامی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان چین سے تین بلین ڈالر اور روس اور قزاقستان سےدو بلین ڈالر قرض لینے کی امید کر رہا ہے۔ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اس ہفتے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران اس سلسلے میں ایک معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اقتصادی امور ڈویژن نے ایک بیان میں کہا: ’یہ واضح کیا جارہا ہے کہ چین سے تین بلین ڈالر یا روس اور قزاقستان سے دو بلین ڈالر قرض کے حصول کے لیے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔