امریکا روس اور یوکرین تنازعہ کو ہوا دے رہا ہے، چین کی تنقید
بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا روس اور یوکرین تنازعہ کو ہوا دے رہا ہے. چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ایک بریفنگ میں کہا کہ واشنگٹن کی مبالغہ آرائی پر مبنی جنگ کی تشہیر نے یوکرین کی معیشت اور سماجی استحکام کو دھچکا پہنچایا ہے۔ چینی سفارت کار نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے امریکاجنگ کے خطرے کو ہوا دے رہا ہے، مصنوعی طور پر ایک تناؤ کا ماحول پیدا کر رہا ہے جس نے معیشت، سماجی استحکام اور یوکرینی عوام کے حالات زندگی کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ساتھ ہی مذاکرات اور بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے مزاحمت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا روس یوکرین تنازعہ میں آگ لگانے سے گزیز کرے.
اس کے علاوہ افغانستان سے متعلق ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بن کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی رضامندی کے بغیر امریکا نے جان بوجھ کر افغان اثاثوں کے بارے میں فیصلہ کیا اور افغان عوام کی مرضی کے بغیران کے اثاثوں کو اپنے پاس رکھا۔ انہوں نے کہاکہ امریکی فیصلے سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ امریکا اپنے دعوؤں کے برعکس کمزوروں کا دفاع نہیں کرتا اور اپنے فیصلے صرف اپنی بالادستی کے لیے کرتا ہے۔ چین نے کہا کہ امریکا میں افغانستان کے 7 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے موجود ہیں، امریکی صدر بائیڈن نے افغان اثاثوں میں سے نصف نائن الیون متاثرین کو دینے باقی نصف افغان اثاثوں سے افغان ٹرسٹ فنڈ بنانے کا اعلان ہے۔