میاں چنوں واقعہ پر، روسی وزارت خارجہ کا ردعمل
اشتیاق ہمدانی ماسکو
پاکستانی حدود میں انڈین میزائل گرنے کا معاملہ پر روس کا ردعمل سامنے آگیا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا سے ہفتہ وار بریفنگ میں چیف ایڈیٹر صداۓ روس اشتیاق ہمدانی نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سر زمین پر کئے گئے میزائل فائر اور یوکرین سے انخلا کرنے والے پاکستانیوں سے متعلق سوالات کئے. اشتیاق ہمدانی نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی سر زمین میں فائر کئے گئے میزائل سے متعلق پوچھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری اس کشیدہ صورت حال کے دوران بھارت نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں میزائل فائر کیا، اور 2 ہفتوں کی خاموشی کے بعد اس بات کو تسلیم کرلیا اور کہا کہ یہ محض ایک غلطی تھی، آپ کیا سمجھتی ہیں کہ کیا ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا گیا؟ کیونکہ اس میزائل حملے سے پاکستانی فریق کو شدید تشویش لاحق ہے. عالمی سطح پر اس نازک صورت حال کے دوران ایسا واقعہ پیش آنے کو روس کس نگاہ سے دیکھتا ہے؟جس کے جواب میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا ہے ہم بھی اس صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں. اور ہم اس بارے میں ابھی تک صرف یہ ہی جانتے ہیں بھارتی وزرات دفاع نے بیان دیا ہے کہ یہ میزائل ایک تکنیکی غلطی کے سبب فائر ہوا تھا. یہ بھارت کی جانب سے سرکاری بیان تھا جسے جاری کیا گیا ہے. تاہم ہمیں امید ہے کہ ایسا ہی ہوا ہوگا اور یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو بڑھانے کا سبب نہیں بنے گا.
اشتیاق ہمدانی نے پوچھا کے یوکرین میں جاری روس کے خصوصی آپریشن کے بعد یوکرین کے شہر ماریوپول سے انخلا کرنے والے مہاجرین کے بارے میں آپ نے بتایا کیا آپ بتا سکتی ہیں کہ ان آنے والے مہاجرین میں پاکستانیوں کی تعداد کتنی ہے؟ جس کے جواب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ ہمارے اعداد و شمار کے مطابق یوکرین کے شہر ماریوپول سے انخلا کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد 250 افراد پر مشتمل ہے، لیکن اس میں پاکستانی کتنے ہیں، درست اعداد و شمار میں جلد اپ سے ڈیٹا شیر کروں گی، اس حوالے سے ہم پاکستانی حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں.