چین روس کی مدد کرنے سے باز رہے ورنہ نتائج بھگتنا پڑیں گے، امریکا
ماسکو(صداۓ روس)
امریکا نے چین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین روس کی مدد کرنے سے باز رہے ورنہ نتائج بھگتنا پڑیں گے. اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے چین کے صدر شی جن پنگ سے دو گھنٹے تک ویڈیو کال پر بات کی، جس میں امریکی صدر نے شی جن پنگ کو روس کی کسی قسم کی مدد کے نتائج اور اثرات کے بارے میں خبردار کیا۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین پساکی نے کہا ہے کہ چین کو اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس بارے میں فیصلے کرنا ہوں گے کہ وہ کہاں کھڑا ہونا چاہتا ہے اور وہ تاریخ کی کتابوں میں خود کو کیسے دیکھنا چاہتا ہے۔ جین پساکی نے اس بارے میں معلومات دینے سے انکار کیا کہ روس کی مدد کی صورت میں چین کو کن نتائج کا سامنا کر سکتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق چینی میڈیا نے صدر شی جن پنگ کے حوالے سے ایک بیان نشر کیا ہے جس کے مطابق چینی صدر نے یوکرین میں صورتحال کا ذمہ دار روس کو ٹھہرائے بغیر کہا کہ ’اس تنازع کے حل کے لیے نیٹو کو روس سے مذاکرات کرنے چاہیے۔‘ واضح رہے کہ چین نے ابھی تک یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت نہیں کی اور امریکہ کو خدشہ ہے کہ بیجنگ، ماسکو کی فوجی اور مالی مدد کر سکتا ہے تاہم روس اور چین دونوں اس کی تردید کرتے ہیں۔