روسی صدر یوکرین جنگ ختم کردیں، آرنلڈ شوارزنیگر
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
آرنلڈ شوارزنیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ روسی صدر یوکرین جنگ ختم کردیں. روس کے یوکرین میں جاری خصوصی آپریشن کے بعد جہاں مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر تنقید کی جارہی ہے، وہیں اداکار آرنلڈ شوارزنیگر نے روسی شہریوں کے لیے پیغام جاری کیا جبکہ روسی صدر سے جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو مخاطب کرکے ان سے یوکرین جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔ روسی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے آرنلڈ کا کہنا تھا کہ صرف 5 منٹ نکال کر انہیں سنیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں سے آج مخاطب ہوں کیونکہ میں آپ کو وہ ان حالات سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں جو اس وقت دنیا میں موجود ہیں، ایسی خطرناک صورتحال جن سے آپ لوگوں کو دور رکھا جارہا ہے۔
ٹرمینیٹر اداکار نے بتایا کہ وہ کس طرح بچپن میں روسی ویٹ لفٹر کو انسپریشن بناکر پلے بڑھے ہیں۔ آرنلڈ کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ مسئلہ نہیں تھا کہ یوری ولاسوف کونسا پرچم رکھتے ہیں۔ روسی لوگوں کی قوت اور ان کے دل نے ہمیشہ مجھے متاثر کیا اور اسی وجہ سے مجھے امید ہے کہ آپ بھی مجھے یوکرین جنگ اور وہاں جو کچھ ہورہا ہے اس حوالے سے بتانے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا اقوامِ متحدہ میں روس کے خلاف دنیا کی 141 ریاستوں نے ووٹ دیا ہے۔ آرنلڈ نے کہا کہ جب میں ملبے تلے دبے بچوں کو باہر نکلالتے ہوئے دیکھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میں آج کی کوئی خبر نہیں بلکہ دوسری جنگ عظیم کی ہولناکیاں دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صدر پوتن کے لیے میں کہتا ہوں کہ آپ نے یہ جنگ شروع کی، آپ اس کی سربراہی کر رہے ہیں، آپ اسے روک سکتے ہیں۔