روس مخالف یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں، ایران
ماسکو(صداۓ روس)
ایران نے کہا ہے کہ روس مخالف یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں. ایران کے وزیر خارجہ “حسین امیر عبداللہیان” نے اپنے روسی ہم منصب “سرگئی لاوروف” سے ملاقات اور گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح طور پر کہنا چاہوں گا کہ ہم روسی فیڈریشن کے خلاف یکطرفہ اور غیر قانونی پابندیاں عائد کرنے کی مکمل مخالفت کرتے ہیں۔ وزیر نے روس ایران تعلقات کی بتدریج ترقی کے بارے بتایا اور صدر ابراہیم رئیسی کی طرف سے روسی رہنما ولادیمیر پوتن کو مبارکباد پیش کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ “مجھے آپ سے ملنے کا موقع ملنے پر بہت خوشی ہوئی ہے۔ سب سے پہلے میں آپ سے یہ کہنا چاہوں گا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی طرف سے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو گرمجوشی سے سلام پیش کریں۔ روس اور ایران کے دوطرفہ تعلقات درست راستے پر ہیں اور ترقی کی طرف گامزن ہیں۔
عبداللہیان نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات میں مثبت اقدامات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مذاکرات کے دوران وہ لاوروف کے ساتھ دوطرفہ اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ وہ روسی جانب سے تبصرے سننے کی امید رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے چین میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ افغانستان کو بین الاقوامی برادری کی مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ایران اور چین آزادی، قومی اتحاد اور عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت پر زور دیتے ہیں اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مستحکم اور ترقی یافتہ افغانستان کی امید رکھتے ہیں۔