امید ہے نئی پاکستانی حکومت گیس پائپ لائن منصوبے کو جاری رکھےگی، روس
ماسکو اشتیاق ہمدانی
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال جس میں پوچھا گیا کہ کیا روس کو پاکستان میں تبدیل ہونے والی حکومت سے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ روکنے کا خدشہ ہے؟ اس بات کا جواب دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا کہ پاکستان میں برسر اقتدار آنے والے وزیراعظم شہباز شریف کا تعلق سیاسی جماعت مسلم لیگ نواز سے ہے، جو اکتوبر 2015 میں بھی برسر اقتدار تھی جب روس اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان اس منصوبے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن جسے بعد میں پاکستان سٹریم کا نام دیا گیا تھا پر دستخط کئے گئے تھے. اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے. اور پاکستانی حکام اس منصوبے کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں. اس منصوبے سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جاری بحران ختم کرنے میں مدد ملے گی. یہ منصوبہ ہمارے لئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ہمیں امید ہے کہ نئی پاکستانی حکومت اس منصوبے پر کام جاری رکھے گی.