سری لنکن شہری قتل کیس، 6 مجرموں کو سزائے موت
ماسکو(صداۓ روس)
سری لنکن شہری قتل کیس، 6 مجرموں کو سزائے موت سنا دی گئی ہے. انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے جرم میں 6 مجرموں کو سزائے موت، 9 کو عمرقید اور 72 ملزمان کو دو دو سال قید کی سزا سنادی۔ رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سری لنکن شہری کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا جو کہ جج نتاشہ سلیم نے سنایا۔ فیصلے میں جس میں 6 مجرمان تیمور، عبدالرحمن، محمد ارشد، محمد حسنین، ابو طلحہ اور حمد عمیر کو سزائے موت اور 9 مجرموں روحیل امجد، محمد شعیب، احتشام زیب، عمران ریاض،ساجد. امین، ضیغم مہدی،علی حمزہ، لقمان حیدر اور عبدلاصبور کو عمر قید، 72 ملزمان کو دو دو سال قید جبکہ علی اصغر کو 5 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی.
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 12 مارچ کو ملزمان پر فرد جرم عاٸد کی تھی۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ملزمان کا ٹرائل ہوا۔ 5 مارچ کو ملزمان کو نقول فراہم کی گئی۔ پراسکیوشن کی ٹیم نے گواہان کی حفاظت کے لیے درخواست دی جسے عدالت نے منظور کیا۔ چشم دید گواہوں سمیت 43 گواہان اور ویڈیوز گواہی میں پیش ہوئیں۔ ایک ماہ سے کم عرصے میں شہادتیں عدالت میں پیش کی گئیں۔ مقدمے میں اسپیشل پراسکیوٹر عبد الرؤف وٹو سمیت 5 پراسکیوٹر نے عدالت کی معاونت کی۔ ملزمان کے دفعہ 342 کے تحت آخری بیانات قلمبند کیے گئے۔ پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف دو چالان جمع کروائے پہلے چالان میں 80 ملزمان کو نامزد کیا گیا جب کہ دوسرا چالان 9 نابالغ ملزمان کا پیش کیا گیا تھا۔