سری لنکا میں بلوائیوں کو گولی مارنے کا حکم
کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سری لنکا میں بلوائیوں کو گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا ہے. سری لنکا کی وزارت دفاع کی طرف سے یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے شخص پر گولی چلا دیں جو عوامی املاک کو لوٹتا ہے یا دوسروں کو نقصان پہنچاتا ہے۔
سری لنکا میں غیر معمولی اقتصادی بحران کے درمیان وزارت دفاع نے فوج، فضائیہ اور بحریہ کے اہلکاروں کو حکم دیا کہ وہ کسی بھی ایسے فسادی کو گولی مار دیں جو عوامی املاک کو لوٹتا ہے یا شہریوں کو زخمی کرتا ہے۔ وزارت کا یہ حکم صدر گوٹ بایا راج پاکشے کی جانب سے لوگوں سے تشدد اور انتقامی کارروائیوں کو روکنے کی اپیل کے بعد آیا ہے.
واضح رہے کہ سری لنکا میں پیر کو موجودہ وزیر اعظم مہندا راج پکشے کے حامیوں کے ذریعہ ملک کے بڑھتے ہوئے معاشی بحران پر ان کی برطرفی کا مطالبہ کرنے والے حکومت مخالف مظاہرین پر حملہ کرنے کے بعد تشدد پھوٹ پڑا، جس میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی کولمبو اور دیگر شہروں میں تشدد کے واقعات میں 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مہندا راج پکشے نے ملک میں معاشی بحران کے درمیان پیر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔اس پیش رفت سے چند گھنٹے قبل دارالحکومت کولمبو میں فوج کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے اور مہندا راج پکشے کے حامیوں کی جانب سے صدر گوٹ بایا راج پکشے کے دفتر کے باہر مظاہرین پر حملے کے بعد ملک بھر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ ڈیلی مرر اخبار نے اپنی رپورٹ میں دفاعی ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “وزارت دفاع نے تینوں سروسز کو حکم دیا ہے کہ وہ فسادیوں کو گولی مار دیں جو عوامی املاک کو لوٹتے ہیں یا عام لوگوں کو زخمی کرتے ہیں۔”