امریکا اور کینیڈا میں شیرخواربچوں کے پاؤڈر دودھ کی قلت
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ میں بڑے خوردہ فروشوں نے سٹاک کے بڑھتے ہوئے نرخوں کی وجہ سے بچوں کے دودھ کی فراہمی کم ہونے کا اشارہ دیا ہے. خوردہ فروشوں کے حوالے سے یو ایس اے ٹوڈے کا کہنا ہے کہ کچھ فارمیسی اور سپر مارکیٹ خریداروں کو اسٹورز اور آن لائن فی خریدار شیر خوار دودھ کے تین ڈبے فروخت کرنے تک محدود کر رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی طلب اور سپلائر کے مختلف چیلنجوں کی وجہ سے، ملک بھر میں بچوں اور چھوٹے بچوں کے پاؤڈر دودھ کی ترسیل اور دستیابی میں رکاوٹیں نظرآ رہی ہیں. اشاعت میں والگرینز بوٹس الائنس کے ترجمان سٹیو کوہن کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس صورت حال کے پیش نظر امریکا میں والدین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے. سی این این کا کہنا ہے کہ والدین کے لیے مصنوعی دودھ تلاش کرنا ایک چیلنج بن گیا ہے.
اس ہی طرح امریکہ میں بچوں کے دودھ کی قلت یا فراہمی کی کمی کا اثر کینیڈا کے خاندانوں پر پڑنا شروع ہو گیا ہے، جو اب ماں کے دودھ کے متبادل کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ بچوں کے دودھ کے بحران نے حال ہی میں امریکہ کو متاثر کیا کیونکہ پہلے سے موجود سپلائی چین کے مسائل ایبٹ نیوٹریشن کی طرف سے ایک بڑے پروڈکٹ کی واپسی سے بڑھ گئے تھے، جس نے بچوں کے صارفین میں بیکٹیریل انفیکشن اور بیماری کی اطلاعات کے بعد رضاکارانہ طور پر پاؤڈر بیبی فارمولے کے اپنے تین برانڈز شیلف سے نکالے تھے.
آن لائن ریٹیل تجزیہ کار Datasembly کی رپورٹس کے مطابق امریکہ میں، تقریباً %40 شیرخوار دودھ کا سٹاک اب 11,000 سے زائد اسٹورز میں موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے بچوں کے دودھ کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ کچھ خوردہ فروشوں نے ذخیرہ اندوزی سے نمٹنے کے لیے راشننگ بھی متعارف کرائی ہے۔ جب کہ کینیڈا کے بڑے خوردہ فروشوں کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک بڑے پیمانے پر قلت کا سامنا نہیں ہے، چھوٹے اسٹور چینز نے اسٹاک کے ساتھ مسائل کی اطلاع دی ہے۔ ریٹیل کونسل آف کینیڈا کے قومی ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کچھ اسٹورز نے 2021 سے بچوں کے دودھ کی مسلسل فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کی ہے۔