روس پرپابندیوں سے یوکرین میں امن قائم نہیں ہوسکتا، چین
بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے کہا ہے کہ روس پرپابندیوں سے یوکرین میں امن قائم نہیں ہوسکتا. چین نے روس مخالف پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح یوکرین میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ اقوام متحدہ میں چین کے نائـب مندوب دائی بینگ نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ روس اور یوکرین، انسان دوستانہ مسائل میں تعاون بڑھائیں گے اور جنگ کے بھیانک نتائج روکنے کی کوشش کریں گے۔ چین کے اس سفارتکار نے روس اور یوکرین دونوں سے اپیل کی کہ وہ مذاکرات کے ذریعے امن قائم کرنے کے لئے سیاسی حالات سازگار بنائیں۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی ہنگامی امدادی امور کی ڈپٹی کوآرڈینیٹر جوئیس مسویا نے سلامتی کونسل میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے جنگ یوکرین کو عظیم انسانی مسائل و مشکلات پیدا ہونے کا باعث قرار دیا۔ انھوں نے خاص طور سے لوہانسک کی صورت حال کو تشویشناک بتایا جہاں کے لوگ بجلی، پانی اور گیس کی سہولیات تک سے محروم ہو گئے ہیں۔