روس کا کونسل آف یورپ کے معاہدوں سے علیحدگی کا اعلان
ماسکو (صداۓ روس)
قانون سازی کی معلومات کے سرکاری روسی ویب پورٹل کی طرف سے شائع کردہ ایک دستاویز کے مطابق، روسی وزیر اعظم میخائل میشوسٹن نے کونسل آف یورپ کے فریم ورک کے اندر متعدد معاہدوں میں روس کی شرکت کو ختم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کیے ہیں۔ روسی وزیراعظم میخائیل میشوستین کے جاری کردہ حکم کے مطابق، ماسکو منشیات اور منشیات کی لت کے خلاف جدوجہد، قدرتی آفات کی روک تھام اور بچاؤ سے متعلق یورپی یونین کی بین الاقوامی تعاون کونسل سے باہر نکل جائےگی ۔ اس کے علاوہ روس نے یورپی یونین کے کلچرل فنڈ، سمعی بصری ریسرچ سینٹر سے بھی علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔
روس چھبیس سال پہلے یورپی یونین میں شامل ہوا تھا اور انیس چھیانوے میں اس نے متعدد معاہدوں اور سمجھوتوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جنگ یوکرین کے بعد روس اور یورپی ملکوں میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد ماسکو نے یورپی کونسل سے علیحدگی کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔ یورپی یونین نے یوکرین کی جنگ کے بعد روس کے خلاف لاتعداد پابندیاں عائد کردی ہیں جبکہ روس نے بھی جوابی اقدامات کرتے ہوئے یورپی ملکوں پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے جس سے فریقین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔