پیرس (بلال محمد خان)
خوشبوؤں کے شہر پیرس میں دنیا بھر کے ٹاپ فیشن ڈیزائنرز اپنے خوبصورت ، بیش قیمت اور اچھوتے ڈیزائنوں کے ملبوسات متعارف کروانے کو اپنا اعزاز سمجھتے ہیں۔ مختلف برانڈز اپنی نئی مصنوعات کی نمائش بھی فیشن کے گھر پیرس میں کرتے ہیں۔ پیرس کے خوبصورت ہال میں اورنیلا ایوانجیلسٹا نے ایک خوبصورت فیشن شو کا اہتمام کیا۔ فیشن شو میں مختلف ممالک کے چار ڈیزائنرز نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے تیار کردہ خوبصورت اور منفرد ملبوسات کے اچھوتے ڈیزائنوں کو متعارف کرایا۔ خوبصورت اور نازک اندام ماڈلز نے جب ڈیزائنرز کے تیار کردہ بیش قیمت خوبصورت اور اچھوتے اسٹائل کے ملبوسات پہن کر ریمپ پر کیٹ واک کی تو حاضرین پلکیں جھپکانا بھول گئے۔ ملبوسات کی خوبصورتی اور انفرادیت نے حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ۔اس فیشن شو میں سعودی ملبوسات ، پارٹی ڈریسز اور کاک ٹیل ڈریسز کی نمائش کی گئی۔ فیشن شو میں ڈیزائنر ایوگینی ہڈوروجکوف ، ماریسا نیم کانگ ، ایلینا بورینینا ، وکٹوریہ ڈارولٹی نے اپنے ملبوسات کی نمائش کی جنہیں حاضرین نے بہت پسند کیا اور دل کھول کر داد دی۔