سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے کیس میں فل کورٹ بنانے کی استدعا مسترد کردی، فل کورٹ نہ بنانے سے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا، تین رکنی بینچ ہی وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف درخواست کے کیس میں فل کورٹ بنانے کی درخواستیں مسترد کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
فل کورٹ کے حوالے سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ کئی گھنٹے تک عدالت نے سماعت کی، میرٹس پر دلائل سنے، معاملے کی بنیاد قانونی سوال ہے کہ ارکان اسمبلی کو ہدایت پارٹی سربراہ دے سکتا ہے یا نہیں، فل کورٹ بنانےکی استدعا مسترد کرتے ہیں۔ فل کورٹ نہ بنانے کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کریں گے، یہ ہی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔