وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کوئٹہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزرا بھی موجود تھے، جہاں ائیرپورٹ پر چیف سیکرٹری نے انہیں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم، وزیراعلیٰ کے ہمراہ قلعہ سیف اللہ گئے اور سیلاب سے متاثرہ علاقے خشنوب کا دورہ کیا۔
صوبائی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو علاقے میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سیلاب اور بارشوں کے دوران جاں بحق افراد کے ورثا کو معاوضے کی رقم 24 گھنٹے میں ادا کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں میں شہریوں کو کھانا اور پانی نہ ملنے کی شکایات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو معطل کر دیا۔