حکومت جرمنی ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے علاقائی انفراسٹرکچر فنڈ فیز ٹو منصوبے کے لیے حکومت پاکستان کو ایک کروڑ 75 لاکھ یورو کی گرانٹ فراہم کرے گی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت پاکستان اور جرمنی کے درمیان علاقائی انفرااسٹرکچر فنڈ فیز ٹو کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پر طے پائے جانے والے معاہدہ پر دستخط بھی ہوگئے ہیں۔
”ریجنل انفراسٹرکچر فنڈ فیز ٹو برائے خیبرپختونخوا فار ریزیلینٹ ریسورس مینجمنٹ ان سٹیز” نامی پراجیکٹ پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں وزارت اقتصادی امور کے وفاقی سیکرٹری اسد حیاء الدین اور کے ایف ڈبلیو (جرمن بینک برائے ترقی) کے کنٹری ڈائریکٹر سیباسٹین جیکوبی نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت جرمن حکومت ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے علاقائی انفراسٹرکچر فنڈ (فیز II)منصوبے کے لیے حکومت پاکستان کو ایک کروڑ 75 لاکھ یورو کی گرانٹ فراہم کرے گی،
اس موقع پر سیباسٹین جیکوبی نے کہا کہ جرمن بینک کے ایف ڈبلیوگورننس سیکٹر میں حکومت پاکستان کی فعال مدد کر رہا ہے بینک کی کوششوں کے نتیجے میں مستحق کمیونٹیز کی زندگیوں میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے، قدرتی آفات کی وجہ سے غربت اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارت اقتصادی امور اسد حیاءالدین نے حکومت جرمنی کا پاکستانی عوام سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور صحت مند مستقبل کا ضامن بنے گی۔