امریکی پارلیمان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر تائیوان پہنچ گئیں۔ نینسی پلوسی 25 سال میں تائیوان کا دورہ کرنے والی پہلی اعلیٰ سطح کی امریکی شخصیت بن گئیں۔
وہ اپنے دورہ میں صدر تائیوان سے ملاقات کریں گی جس میں باہمی امور کی دلچسپی سمیت خطے میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ادھر تائیوان پہنچنے پر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ یہ دورہ تائیوان کی مضبوط جمہوریت کی بھرپور حمایت کا عکاس ہے، تائیوان کی قیادت کے ساتھ ہماری بات چیت مشترکہ مفادات کے فروغ اور حمایت کی تائید ہے، اس دورے کا مقصد ایک آزاد انڈو پیسیفک خطے کا فروغ ہے۔
نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ تائیوانی قیادت کے ساتھ بات چیت امریکا تائیوان شراکت داری کی توثیق پر مرکوز ہوگی، دورہ تائیوان کسی بھی طرح امریکا کی دیرینہ پالیسی سے متصادم نہیں، کانگریسی وفد کا دورہ تائیوان جمہوریت کے لیے امریکا کی غیر متزلزل حمایت کا عکاس ہے۔
نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر دارالحکومت تائپی میں 101 اسکائی سکرائپر ٹاور پر انگریزی اور چینی زبان میں ویلکم میسج ، تھینک یو، ویلکم یو ایس ان تائیوان، ویلکم اسپیکر پلوسی جیسے الفاظ نشر کیے گئے۔