ٹویوٹا نے سینٹ پیٹرزبرگ میں کار اسمبلی پلانٹ بند کردیا
ماسکو : اشتیاق ہمدانی
روس کی وزارت صنعت و تجارت کی پریس سروس نے اطلاع دی ہے کہ جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا نے سینٹ پیٹرزبرگ میں اپنا کار اسمبلی پلانٹ بند کردیا. انہوں نے بتایا کہ کمپنی ملازمین کے لیے تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی اور معاوضے کی ادائیگیاں کرے گی۔ روسی وزارت نے بتایا کہ ٹویوٹا موٹر کمپنی نے سینٹ پیٹرزبرگ میں اسمبلی کی جگہ بند کردی۔ جبکہ اسی دوران ٹویوٹا کمپنی اپنی ٹیم کے لیے تمام سماجی ذمہ داریوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اہم اضافی معاوضے کی ادائیگیوں کو یقینی بنائے گی۔ اس کے علاوہ ٹویوٹا کمپنی اور لیکسس گاڑیوں کے لیے بعد از فروخت سروس اور ڈیلر نیٹ ورک کے لیے سپورٹ برقرار رکھے گی. اطلاعات کے مطابق روس کی صنعت اور تجارت کی وزارت سینٹ پیٹرزبرگ کی حکومت کے ساتھ مل کر اس پروڈکشن سائٹ کی ترقی کے لیے ممکنہ حالات پر کام کر رہی ہے۔ یاد رہے رواں سال مارچ میں ٹویوٹا نے سپیرپارٹس کی فراہمی میں رکاوٹ کی وجہ سے سینٹ پیٹرزبرگ میں اپنے پلانٹ کا آپریشن معطل کردیا تھا۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں ٹویوٹا موٹر پلانٹ 2007 میں کھولا گیا تھا۔
واضح رہے اس سے قبل جاپانی کمپنی ہونڈا موٹرز نے بھی اعلان کیا تھا کہ اس نے روس کو کاروں اور موٹرسائیکلوں کی برآمدات معطل کر دی ہیں، جس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ مزید جاپانی کار ساز کمپنیاں یوکرین میں شروع ہونے والے روس کے خصوصی آپریشن کے بعد روس کے ساتھ کاروبار روکنے کی مہم میں عالمی سطح پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیں رہی ہیں۔ مغربی کمپنیوں نے بھی یوکرین ہونے والے روس کے خصوصی آپریشن کے بعد روس میں فروخت روک دی تھی اور یہاں تک کہ وہاں موجود اپنی سرمایہ کاری ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا.