یوکرین سے علیحدہ ہونے والی ریاستوں کی روس میں شمولیت کے لئے ووٹنگ شروع
ماسکو : اشتیاق ہمدانی
یوکرین سے آزادی حاصل کر کے روس میں شمولیت کے لیے ریفرنڈم میں ووٹنگ جمعے کو دونیسک اور لوگانسک عوامی جمہوریہ کے ساتھ ساتھ زاپوروزئے اور خیرسن کے علاقوں میں شروع ہوئی۔ یہ عمل اگلے منگل 27 ستمبر تک جاری رہے گا۔ یوکرین سے علیحدگی حاصل کرنے والے علاقوں میں ووٹنگ کا پہلا دن اور روس میں قائم ووٹنگ اسٹیشنز پر بغیر کسی رکاوٹ کے گزرا۔ دونیسک اور لوگانسک عوامی جمہوریہ کے پہلے ریفرنڈم کا دن آسانی سے گزرا۔ تاہم دونوں جمہوریہ نے یوکرین سے گولہ باری کی اطلاع دی – اطلاعات کے مطابق ووٹنگ شروع ہونے والے دن کی شام دونیسک کے مغرب میں یوکرینی فوج کی جانب سے کی جانے والی گولہ باری کے نتیجے میں ایک شخص مارا گیا، اور لوگانسک عوامی جمہوریہ کے شہر Rubizhnoye میں لوگوں کو ایک بم شیلٹر میں ووٹ دینا پڑا۔ یوکرین کے حملوں کے امکان کی وجہ سے متعدد ووٹنگ سٹیشنز خاص طور پر الچیوسک اور سیوروڈونٹسک میں توقع سے پہلے بند ہو گئے۔
دونیسک عوامی جمہوریہ کے سربراہ ڈینس پوشیلن نے اپنے ٹیلیگرام چینل میں کہا کہ یوکرین کی مسلح افواج “مختلف اشتعال انگیزی کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن روس اور اتحادی افواج رابطے کی پوری لائن کے ساتھ صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھے ہوئے ہے. روسی میڈیا کے مطابق یوکرین سے آزاد کرائے گئے علاقوں Zaporozhye اور Kherson میں ووٹنگ کا پہلا دن اچھا رہا۔ تاہم یوکرین سے گولہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خاص طور پر یوکرین کی فوج نے صبح کے وقت خیرسن پر گولہ باری کی، لیکن فضائی دفاعی نظام نے حملہ کو پسپا کر دیا، خیرسن علاقے کی ملٹری-سویلین ایڈمنسٹریشن کے نائب سربراہ کرل سٹریموسوف نے کہا کہ اس کے علاوہ نوایا کاخووکا پر دن میں دس سے زیادہ بار گولہ باری کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق %20 سے زیادہ شہریوں نے دونباس ریپبلک میں 20:00 بجے تک ووٹ ڈالے۔ دونیسک عوامی جمہوریہ میں انتخابی فہرستوں میں شامل %23.64 اور لوگانسک عوامی جمہوریہ میں %21.97 افراد نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ جمعہ کے روز خیرسن کے علاقے میں %15.31 ووٹرز اور Zaporozhye کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں %20.52 ووٹرز نے ریفرنڈم میں حصہ لیا.
ووٹنگ کے عمل کی نگرانی بین الاقوامی مبصرین خاص طور پر امریکہ اور یورپ سے آنے والے مبصرین نے کی۔ لوگانسک عوامی جمہوریہ کے مرکزی انتخابی کمیشن کی سربراہ ایلینا کراوچینکو کے مطابق یورپی ممالک کے 50 مبصرین نے جمہوریہ میں اپنی موجودگی کا اعلان کیا۔ دونیسک عوامی جمہوریہ میں بیرونی ممالک کے 129 نمائندوں خاص طور پر وینزویلا اور جنوبی افریقہ کے نمائندوں نے اس ووٹنگ کی نگرانی کی اور برطانیہ، اٹلی، چین، قطر، فرانس اور دیگر ممالک کے تقریباً 550 صحافی ووٹنگ کے اس عمل کو کور کررہے ہیں.