امریکا فلوریڈا سے ٹکرانے والے سمندری طوفان کے سامنے بےبس
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
دنیا میں سپر پاور کہلوانے والا ملک امریکا اپنی جنوبی ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے والے سمندری طوفان کے سامنے بےبس دکھائی دے رہا ہے. سمندری طوفان آئی این کے باعث امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر پچاسی ہو گئی ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں اکیاسی اور نارتھ کیرولائنا میں چار اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ دسیوں ارب ڈالر کا مالی نقصان ہوا ہے۔ آنے والے تباہ کن طوفان کے نتیجے میں فلوریڈا میں اب بھی سات لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہے، طوفان کے باعث ورجینیا میں بارشوں سے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ واضح رہے کہ سمندری طوفان آئی این بدھ کو فلوریڈا اور جمعے کو ساؤتھ کیرولائنا سے ٹکرایا تھا۔
امریکہ میں آئے دن طوفان کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور نتیجے میں امریکی عوام کو ان طوفانوں کی بنا پر وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ لاکھوں لوگ محفوظ علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ ریاست فلوریڈا میں آئے تباہ کن طوفان کو امریکی صدر جوبائیڈن نے تمام امریکیوں کے لئے ایک بڑا بحران قرار دیا ہے۔