ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئےموثر اقدامات اٹھانے ہونگے، روسی صدر
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کے مطابق ڈھالنے اور روزمرہ کی زندگی میں ان عوامل کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے پیشگی بچا جاسکے.۔ صدر پوتن نے اعلی حکام کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ آج ہمارے لئے آئندہ نسلوں کے بارے میں سوچنا یقیناً ضروری ہے، جس کی وجہ سے ہمیں آج کی ناگزیر موسمی تبدیلیوں کے مطابق متعلقہ اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی منصوبوں اور مرمت کے کاموں سمیت روزمرہ کی زندگی میں موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
یاد رہے دنیا میں بڑھتی ہوئی گرمی موسمیات کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ موسمیات کے ماہرین نے زمین کے زیادہ گرم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہوا کا غیر معمولی درجہ حرارت کرہ ارض کے لیے سنگین نتائج کا حامل ہے، جس سے ہر قسم کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔ یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ آبزرویٹری نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال جولائی میں درجہ حرارت دنیا میں ریکارڈ کی گئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اس مہینے میں دنیا کا اوسط درجہ حرارت 16.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو کہ چار سال پہلے کے پچھلے ریکارڈ سے ایک تہائی زیادہ تھا۔