ایرانی فوجی وفد کی زمینی افواج کے کمانڈر کے ساتھ ماسکو آمد
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ ایرانی فوجی وفد، زمینی افواج کے کمانڈر کیومرس حیدری کی قیادت میں دونوں ممالک کی زمینی افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بات چیت کے لیے ماسکو پہنچا۔ ایران کا ایک فوجی وفد روس کے ساتھ دفاع سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے ماسکو پہنچ گیا ہے۔ روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی تاس نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفد ایران اور روس کی برّی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کرے گا۔ اس موقع پر روسی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر آرمی جنرل اولیگ سالیوکوف نے کہا کہ روسی فیڈریشن ایران کو مشرق وسطیٰ کی ایک اہم ریاست کے طور پر دیکھتی ہے – یہ روس کا سٹریٹجک پارٹنر ہے.
ماسکو کی یوکرین میں فوجی آپریشن کے بعد سے روس اور ایران دونوں مغرب کی اقتصادی پابندیوں کا شکار ہیں۔ان سے نمٹنے کے لیے روس اور ایران دفاع اور دیگر شعبوں میں قریبی تعلقات استوار کر چکے ہیں۔ مغربی ممالک نے ایران پر روس کو بڑی تعداد میں ڈرون فروخت کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔
ایرانی فوجی وفد نے اس دورے کے دوران کریملن کے قریب نامعلوم فوجی کے مقبرے پر پھول چڑھائے اور آرمی 2023 کے بین الاقوامی دفاعی فورم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ترین ہتھیاروں اور آنے والی فوجی گاڑیوں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ غیر ملکی مہمان زمینی افواج کی تعلیمی سہولیات اور ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کا دورہ بھی کریں گے۔