پریگوزن کی موت سے امریکہ اور فرانس کو فائدہ ہوگا، اخمت کمانڈر
ماسکو (صداۓ روس)
اخمت اسپیشل فورسز کے کمانڈر، روسی مسلح افواج کی سیکنڈ آرمی کور کے ڈپٹی کمانڈر اپٹی الاؤدینوف نے کہا ہے کہ روسی نجی ملشیا ویگنر پی ایم سی کے بانی یوگینی پریگوزن کی موت جو تیور کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے والے نجی طیارے کے مسافروں میں شامل تھے، امریکہ اور فرانس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے. علاؤدینوف نے اپنے ٹیلیگرام چینل میں لکھا کہ ہمیں کسی ایسے شخص کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے جس نے پریگوزن کے قتل سے فائدہ اٹھایا۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب افریقہ میں بریکس کا اہم اجلاس ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ریاست روس کے مفادات میں افریقی براعظم میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ویگنر پی ایم سی کی ضرورت تھی۔ یہاں ہم بات کر رہے ہیں فرانس کے بارے میں اور امریکہ جنہوں نے افریقہ میں اپنا اثرو رسوخ کھودیا تھا.
روسی فیڈریشن کی وزارت برائے ہنگامی حالات کے مطابق بدھ کے روز تیور ریجن کے گاؤں کزھنکینو کے قریب ایک نجی طیارہ جو ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ جارہا تھا گر کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز میں سوار تمام دس افراد ہلاک ہو گئے۔ فیڈرل ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی کی طرف سے فراہم کردہ مسافروں کی فہرست کے مطابق اس بدقسمت طیارے کے مسافروں میں یوگینی پریگوزن کا نام بھی درج تھا۔ ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ تیور کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے والا طیارہ کاروباری نقل و حمل کے لئے استعمال ہوتا تھا.