پوتن جی ٹوینٹی اجلاس کے لیے بھارت نہیں جائیں گے، کریملن
ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا بھارت میں اگلے ماہ ہونے والے جی ٹوینٹی رہنماؤں کے اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ روسی رہنما کی شرکت کے طریقہ کار کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ نئی دہلی میں یہ کانفرنس نو سے دس ستمبر کو ہونے والی ہے اور یہ عالمی معیشتوں کے کلب میں بھارت کی قیادت کا عروج ہوگا۔ یاد رہے نئی دہلی نے گزشتہ دسمبر میں انڈونیشیا سے منتقل ہونے والی صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے.
واضح رہے رواں ہفتے صدر پوتن نے جنوبی افریقہ کا سفر کرنے سے انکار کرنے کے بعد جوہانسبرگ میں بریکس رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ میزبان ملک نے روسی صدر کو مدعو کیا تھا حالانکہ ان کی ممکنہ آمد نے جنوبی افریقہ کو بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے اپنے وعدوں کی وجہ سے مشکل صورتحال میں ڈال دیا تھا۔ جس کے مطابق جنوبی افریقہ پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ اگر صدر پوتن جنوبی افریقہ جائیں تو انھیں گرفتار کر لیاجائے.
آئی سی سی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس نے صدر پوتن پر یوکرائنی بچوں کے اغوا کا باقاعدہ الزام لگایا ہے۔ ماسکو نے ان الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور آئی سی سی کو سیاسی طور پر سمجھوتہ کرنے والا ادارہ قرار دیا ہے۔