ہومانٹرنیشنلایران نے امریکہ سے 6 ارب ڈالر لے کر امریکی قیدی واپس...

ایران نے امریکہ سے 6 ارب ڈالر لے کر امریکی قیدی واپس کر دئیے

ایران نے امریکہ سے 6 ارب ڈالر لے کر امریکی قیدی واپس کر دئیے

تہران انٹرنیشنل ڈیسک
امریکا اور ایران کے درمیان قطر کی ثالثی میں طے پانے والے قیدیوں کے تبادلے کے نادرمعاہدے پر سوموار کے روز عمل درآمد ہوگیا ہے۔اس کے تحت تحت امریکا میں قید پانچ ایرانیوں کو رہا کیا گیا ہے اور ان کے تبادلے میں ایران سے پانچ امریکی قیدی دوحہ روانہ ہو گئے ہیں۔ قطر کے ایک طیارے نے تہران سے ان پانچوں افراد کو ان کے دو رشتہ داروں کے ساتھ لے کر اڑان بھری ہے۔اس کے فوراً بعد ہی امریکا اور ایران دونوں کو اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ ایران کی جنوبی کوریا میں منجمد چھے ارب ڈالر کی رقم غیرمنجمد کرکے دوحہ کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے۔

ایران کے پریس ٹی وی کا کہنا ہے کہ امریکا نے جن پانچ ایرانیوں کو رہا کرنا تھا، ان میں سے دو دوحہ پہنچ چکے ہیں۔اس بات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔تاہم ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا میں رہائی پانے والے تین افراد ایران واپس نہیں آ رہے ہیں۔ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ امریکا رہا کیے جانے والے دو ایرانی وطن واپس آئیں گے جبکہ دو نے امریکا ہی میں رہنے کی درخواست کی ہے اور وہ وہیں رہیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک قیدی اپنے خاندان کے ساتھ کسی تیسرے ملک میں جائے گا۔

قبل ازیں کنعانی نے کہا تھا کہ 2018ء میں ایران پر امریکی پابندیوں میں سختی کے بعد جنوبی کوریا میں منجمد کی گئی رقم آج تہران کو دستیاب ہوگی۔ معاہدے کے تحت قطر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یہ نقد رقم انسانی بنیادوں پر استعمال کی جائے نہ کہ امریکی پابندیوں کے تحت آنے والی اشیاء پر۔

اس معاہدے کے تحت ایران کے فنڈز کی منتقلی پر امریکی ری پبلکنز کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر جو بائیڈن درحقیقت امریکی شہریوں کے لیے تاوان ادا کر رہے ہیں جبکہ وائٹ ہاؤس نے اس معاہدے کا دفاع کیا ہے۔ ایران میں رہائی پانے والوں میں 51 سالہ سیماک نمازی ،59 سالہ عماد شرقی اور 67 سالہ ماہر ماحولیات مراد تہ باز شامل ہیں۔مؤخرالذکر کے پاس برطانوی شہریت بھی ہے۔انھیں گذشتہ ماہ جیل سے رہا کرکے گھر میں نظربند کردیا گیا تھا۔چوتھے امریکی شہری کو بھی گھر میں نظر بند کر دیا گیا جبکہ پانچواں پہلے ہی گھر میں نظربند تھا لیکن ان دونوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق قطری طیارے میں تہران سے روانہ ہونے والے مسافروں میں سیماک کی والدہ ایفی اور مراد تہ باز کی اہلیہ ویدا بھی شامل ہیں۔

ایرانی حکام نے امریکا میں رہا کیے جانے والے پانچ ایرانیوں کے نام مہرداد معین انصاری، کمبیز عطار کاشانی، رضا سرہنگ پور کافرانی، امین حسن زادہ اور کاوے افراسیابی بتائے ہیں۔ اس سے قبل دو ایرانی عہدے داروں نے کہا تھا کہ افراسیابی امریکا میں ہی رہیں گے لیکن انھوں نے دیگر کا ذکر نہیں کیا۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

5 تبصرے

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں