ماسکو (صداۓ روس)
ماسکو نے گزشتہ ماہ باضابطہ طور پر جوہری تجربات نہ کرنے کے معاہدے ’سی ٹی بی ٹی‘ کی توثیق نہ کرنے کے عمل کا آغاز کیا تھا۔ روس کا مؤقف ہے کہ اسے بھی وہی آپشنز دسیتاب ہونے چاہئیں، جو دوسری بڑی جوہری طاقت امریکہ کو میسر ہیں۔ یاد رہے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے اور اور دوسری جانب یوکرین میں روس کا خصوصی فوجی آپریشن بھی جاری ہے۔
روس نے 1996 کے جامع نیوکلیئر ٹیسٹ بان ٹریٹی (CTBT) میں اپنی شرکت کو ایک دستخط کنندہ کی حیثیت سے ختم کر دیا ہے۔ صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو کی توثیق کو منسوخ کرتے ہوئے قانون میں تبدیلی پر دستخط کیے ہیں۔
اس بل کی منظوری گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے دی تھی۔ خاص طور پر، اس نے CTBT کی توثیق کی کسی بھی شق کو ہٹا کر 2000 کے روسی قانون کو تبدیل کیا، جبکہ باقی متن کو برقرار رکھا۔
کریملن نے زور دے کر کہا کہ یہ اقدام پابندی سے متعلق امریکی پالیسیوں کے جواب میں کیا گیا ہے، اور یہ زیر زمین جوہری بم کے تجربات کی تجدید کے ارادے کا اشارہ نہیں دیتا۔