آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئے ہیں، روس
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ کینبرا کے روس مخالف مغربی مہم میں شامل ہونے کی وجہ سے روس اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات نچلی ترین سطح پر ہیں اور ماسکو کو امید ہے کہ آسٹریلوی حکام اپنے اقدامات پر نظر ثانی کریں گے۔ وزارت کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو نے بدھ کو ماسکو میں حال ہی میں تعینات آسٹریلوی سفیر جان گیئرنگ کا استقبال کیا تاکہ دو طرفہ تعلقات کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
جاری بیان کے مطابق بات چیت کے دوران سفیر کو بتایا گیا کہ کینبرا کی موجودہ پالیسی کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی نچلی ترین سطح پر ہیں کیونکہ آسٹریلیا مغرب کی طرف سے شروع کی گئی روس مخالف مہم میں شامل ہوگیا ہے۔ امید ظاہر کی گئی کہ آسٹریلوی حکام اس نقصان دہ پالیسی پر نظر ثانی کریں گے جو کہ ہمارے عوام کے مفادات کے ساتھ ساتھ ایک خوشحال اور محفوظ ایشیا پیسیفک خطے کی تعمیر کے خلاف ہے۔