ہومانٹرنیشنلیورپ سمیت دنیا بھر میں کچھی کلچرل ڈے منانے کی تیاریاں...

یورپ سمیت دنیا بھر میں کچھی کلچرل ڈے منانے کی تیاریاں عروج پر، یورپی سماجی تنظیموں کا خیر مقدم

اسٹاک ہوم(صدائے روس) پاکستان ، بھارت، ملاوی، تنزانیہ اور یورپ سمیت دنیا بھر میں بسنے والی کچھی قوم نے ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے قیام پر نا صرف لبیک کہا بلکہ یکم مئی کو کچھی کلچرل ڈے منانے کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا۔پاکستان میں موجود پانجی کچھی کے نام سے کام کرنے والی کچھی کمیونٹی کی مجلس شوریٰ نے یکم مئی کو بین الاقوامی کچھی ثقافتی دن منانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھی قوم دنیا بھر میں محنت کش قوم کے نام سے جانی جاتی ہے اس لئے ہم نے مزدوروں کے عالمی دن پر ہی کچھی قوم کے ثقافتی دن کو منانے کو ترجیح دی ہے۔پانجی کچھی مجلس شوریٰ کےجانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کچھی قوم کی قیام پاکستان کے لئےان گنت کاوشیں ہیں، قائد اعظم محمدعلی جناح ، حاجی عبداللہ ھارون اور آئی آئی چندریگر جیسےبے شمار کچھی سپوتوں کی قربانیاں پاکستان کے لئے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔پانجی کچھی مجلس شوریٰ کے سربراہ ڈاکٹر ہانی کچھی نے دورجدید میں کچھی زبان کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے اردو حرف تہجی پر مبنی کچھی زبان کا کی بورڈ بھی جاری کردیا ۔یورپ کے سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ نے کچھی قوم کے اس اقدام کو سراہا اور اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ یورپ بھر میں مقیم کچھی برادری پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعاون سے یورپ میں کچھی کمیونٹی کو متحد کرکے انٹرنیشنل کچھی آرگنائزیشن کے دھارے میں لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔زبیر حسین کا مزید کہنا تھا کہ ان کا تعلق بھی کچھی مسلم لوہارواڈا جماعت سے ہے اور وہ یکم مئی کو یورپ بھر سے وفد کی شکل میں شہر قائد میں ہونے والے پہلے کچھی ثقافتی دن کی تقریبا ت میں شرکت کریں گے۔پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویا کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے پاکستان کلچرل سوسائٹی سویڈن کے صدر عامر خلیل جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہم سویڈن کے ثقافتی دارلخلافے مالمو میں نہ صرف شاندار تقریب کا انعقاد کریں گے بلکہ شہر کے ثقافتی مرکز میں کچھی زبان کا بطور بین الاقوامی زبان اندراج بھی کروائیں گے۔ پاکستان بزنس کونسل یورپ کے صدر خرم خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیوں سے یورپ کی منڈیوں میں منفرد مصنوعات کی بھرپور تشہیر ہوتی ہے ، کچھی ثقافتی دن پر اگر یورپ کے بڑے شہروں میں میلےلگائے جائیں تو کچھی دستکاری اور ایمبرائیڈری کو کافی پذیرائی مل سکتی ہے کیونکہ یورپی منڈیوں میں اس وقت زیادہ تر مانگ ایسی مصنوعات کی ہے جس میں مشینوں کا استعمال کم سے کم ہو تاکہ دنیا کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔پانجی کچھی مجلس شوریٰ کے ممبران نے کچھی ثقافتی دن کے حوالے سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کچھی ثقافتی میلوں کے انعقاد کے حوالے سے اپنا لائحہ عمل جاری کردیا ہے اس حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کچھی کمیونٹی کی ہر جماعت سے رابطے کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ دنوں پانجی کچھی مجلس شوریٰ نے کچھی ثقافتی دن کے حوالے سے ویڈیو ٹیزرز بھی جاری کئے تھے جبکہ کچھی ثقافتی دن کے حوالے سے سرگرمیوں کا شیڈول بھی بہت جلد جاری کیا جائے گا۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں