ماسکو ( اشتیاق ہمدانی)
ماسکو میں انتہائی قابل مذمت دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے پاکستان ایمبیسی ماسکو میں یوم قرارداد پاکستان کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی ۔ ماسکو حملوں کے متاثرین کے لیے پاکستانی سفارت خانے میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پاکستان ایک عرصے سے دہشت گردی کی لعنت کا سامنا کر رہا ہے اور ہم ایسی سرگرمیوں سے جڑے درد کو جانتے ہیں۔
محمد خالد جمالی نےکہا کہ “میں کل شام قیمتی جانوں کے ضیاع کے سلسلے میں اپنی تعزیت پیش کرتا ہوں۔ ہم روس کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم اس سے ہونے والی ہولناکی اور تکلیف کا تصور کر سکتے ہیں، کیونکہ پاکستان نے اس ہولناکی – دہشت گردی سے لڑتے ہوئے 100,000 سے زیادہ جانیں قربان کی ہیں،‘‘
پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بالترتیب سفیر محمد خالد جمالی صدر پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام پڑھ کر سنایا ، کہ آئیے ہم اپنے سابقہ عہد پر نظر دوڑائیں ، اپنی آج تک کی کامیابیوں پر جشن منائیں اور غلطیوں سے سیکھیں ۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ، کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی مدد کرتا رہے گا ، اور ہم بھارت کی طرف سے لگائی گئے ناجائز آرٹیکل 370 کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں فلسطینی بچوں اور عورتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والی بربریت پہ شدید تشویش ہے ۔
اور سیکنڈ سیکرٹری محمد طیب نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ماضی کی طرح آج بھی چیلنجز درپیش ہیں، وزیراعظم پاکستان نے اندرون و بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو یوم پاکستان پہ مبارکباد پیش کی ، اور عہد کا اظہار کیا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود ملکی ترقی کا عمل جاری و ساری رکھیں گے – جبکہ پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی نے قومی ترانے کی دھنوں پہ پرچم کشائی کی ۔