ہومپاکستانیوم پاکستان کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری کا خطاب، عالمی...

یوم پاکستان کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری کا خطاب، عالمی برادری سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

یوم پاکستان کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری کا خطاب، عالمی برادری سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (صداۓ روس)
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے تاہم فوجیں کسی بھی جارحانہ قدم کا جواب دینے کے لیے ہردم تیار ہیں سنیچر کو یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن قومی اہمیت کا حامل ہے اور آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے الگ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔ ’ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے ملک کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب، متحدہ امارات اور چین کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے قیام سے لے اب تک مختلف نشیب و فراز سے گزرتا رہا ہے اور آج دنیا قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے. انہوں نے نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور روشن مستقبل کا ضامن قرار دیا۔ آصف علی زرداری نے سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کو ملک کی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں ترقی آئے گی۔

صدر نے تمام سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی مفاد کے لیے اپنے اختلافات ایک طرف رکھ دیں۔‘

انہوں نے فلسطین کا تذکرہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بند کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔ صدر آصف علی زرداری نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کو خطے میں عدم استحکام کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی حکومت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہے۔ ہر سال ٢٣ مارچ کو منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ میں پاکستانی فوج اپنی دفاعی قوت کا مظاہرہ کرتی ہے اور اس موقع پر قریبی دوست ممالک سے خصوصی مہمان بھی بلائے جاتے ہیں۔ اس تقریب میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود مہمانِ خصوصی تھے۔
اس بار تقریب میں آذربائیجان اور چین کے فوجی دستوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والی اس تقریب میں پاکستان فضائیہ کے پائلٹس نے جنگی جہازوں پر ایروبیٹکس کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے پاس موجود جدید رینج کے میزائلوں، ٹینکوں، ہیلی کاپٹرز اور دیگر اسلحے کی نمائش کی گئی۔
اس موقع پر کمانڈوز نے پیراشوٹ فری فال کا مظاہرہ کیا اور ١٠ ہزار فٹ کی بلندی سے جہاز سے چھلانگ لگا کر پریڈ کے چبوترے کے بالکل سامنے زمین پر کامیابی سے اتر گئے۔
پریڈ میں پاکستان کے چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی رنگوں پر مشتمل خصوصی دستے بھی شریک ہوئے اور طلبہ نے ترانے گائے۔ تقریب میں سفارتکاروں، کابینہ کے اراکین، اعلٰی فوجی افسران اور مختلف شعبوں سے نمایاں افراد نے شرکت کی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں