ٹیسلا کا مصنوعی ذہانت پر 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ کی برقی گاڑی ساز کمپنی ٹیسلا کے منتظم اعلیٰ ایلون مَسک کا کہنا ہے کہ کمپنی خود کار ڈرائیونگ کے لیے ضروری، مصنوعی ذہانت کے پروگرام تیار کرنے پر اس سال تقریباً 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ مَسک نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر اتوار کے روز پوسٹ کیا کہ “ٹیسلا اس سال مشترکہ تربیت اور تخمینہ AI پر تقریباً 10 ارب ڈالر خرچ کرے گی، یاد رہے کہ تخمینہ اے آئی گاڑی کا بنیادی جُز ہے”۔
انہوں نے مزید کہا، “کوئی بھی کمپنی جو اس سطح پر خرچ نہیں کرتی اور کفایت شعاری سے کام لیتی ہے، مقابلہ نہیں کر سکتی”۔ چینی حریفوں کے ساتھ قیمتوں کی مسابقت اور سست مانگ کی وجہ سے ٹیسلا نے جنوری تا مارچ کے دورانیے میں چار سالوں میں اپنی سہ ماہی آمدن میں پہلی بار کمی ظاہر کی ہے۔ اِس سال خالص آمدنی میں 55 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ کمپنی نے اپنی افرادی قوت میں 10 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ مَسک نے کہا ہے کہ ٹیسلا، اگست میں سیلف ڈرائیونگ ٹیکسیوں کی نقاب کشائی کرے گی۔