سابق آمرایوب خان کی لاش کو قبر سے نکال کر پھانسی دی جائے، خواجہ آصف
اسلام آباد (صداۓ روس)
قومی اسمبلی کے گرما گرم اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ سابق آمر ایوب خان کے خلاف آرٹیکل 6 کا بعد از مرگ اطلاق کیا جائے اور آئین کی خلاف ورزی پر ایوب کی لاش کو نکال کر پھانسی دی جائے۔قومی اسمبلی کا اجلاس نماز مغرب کے مختصر وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید نعرے بازی کی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی تقریر کے جواب میں خواجہ آصف نے خطاب کیا۔ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران فیلڈ مارشل ایوب خان کے پوتے عمر ایوب نے احتجاج اور شورشرابا کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آئین توڑنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، جس کا آغاز فیلڈ مارشل ایوب خان سے کیا جانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگانے کی حمایت کرتے ہیں اور سابق آمر ایوب خان کو قبر سے نکال کر پھانسی دی جائے۔ وزیر دفاع آصف نے ایس آئی سی عمر ایوب کو یاد دلایا اور کہا کہ آرٹیکل 6 کا آغاز جعلی فیلڈ مارشل سے ہونا چاہیے اور عدم اعتماد کے وقت آرٹیکل 6 کو آئین میں شامل کیا جانا چاہیے۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر نے تقریر میں کہا تھا کہ جو بھی آئین کو معطل کیا ختم کرے وہ سنگین غداری کا مرتکب ہوتا ہے۔