یوکرین میں روس مغرب سے لڑرہا ہے، روسی وزیردفاع
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیر دفاع آندرے بیلوسوف نے آرمی 2024 فورم کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ یوکرین میں ماسکو کا خصوصی فوجی آپریشن دراصل امریکہ کی زیر قیادت اجتماعی مغرب کے ساتھ مسلح تصادم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “میں آپ سب کو آرمی 2024 انٹرنیشنل ملٹری ٹیکنیکل فورم کی افتتاحی تقریب میں خوش آمدید کہتا ہوں، جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ تقریب خصوصی فوجی آپریشن کے دوران ہو رہی ہے۔ درحقیقت یہ روس اور اجتماعی مغرب کے درمیان مسلح تصادم ہے۔” بیلوسوف کے مطابق مسلح تصادم “امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اپنی تسلط کو برقرار رکھنے اور ایک نئے کثیر قطبی اور مساوی عالمی نظام کی تعمیر کو روکنے کی خواہش پر مبنی ہے۔”
روسی دفاعی سربراہ نے زور دے کر کہا کہ اس سلسلے میں محاذ آرائی ہر ملک کے مفادات کو متاثر کرتی ہے۔ آرمی 2024 فورم 12-14 اگست تک ماسکو کے باہر پیٹریاٹ کانگریس اور نمائشی مرکز میں ہو رہا ہے۔ تقریب کے شرکاء اور مہمان وسیع پیمانے پر ہتھیاروں، فوجی اور خصوصی آلات کو دیکھ سکیں گے۔