دورہ سعودی عرب کے دوران، روسی وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ریاض کا سرکاری دورہ کیا۔ روسی وزارت خارجہ کے سربراہ کا ولی عہد، سعودی مملکت کی وزراء کونسل کے چیئرمین محمد بن سلمان آل سعود نے استقبال کیا اور اس دوران انہوں نےسعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی۔ روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پوتن کے دورہ کے بعد طے پانے والے معاہدوں کے عملی نفاذ کے کاموں پر زور دینے کے ساتھ روایتی طور پر دوستانہ روسی-سعودی تعلقات کی مزید ترقی کے کلیدی شعبوں پر مکمل اتفاق کیا گیا۔ یاد رہے روسی صدر نے دسمبر 2023 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا.
اس ملاقات کے دوران فریقین کی جانب سے تجارتی اور اقتصادی تعاون کی ترقی پذیر توسیع، سرمایہ کاری کے باہمی روابط کو وسعت دینے بشمول موجودہ اور متوقع منصوبوں کے نفاذ کے ساتھ ساتھ ثقافتی، انسانی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں باہمی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ اوپیک پلس فارمیٹ میں تعاون کی سطح کو بہت سراہا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ حال ہی میں کیے گئے فیصلے تیل برآمد کرنے والے ممالک کے اس منفرد کوآرڈینیشن میکانزم کے استحکام، آزادی، توانائی کی عالمی منڈی میں طلب اور رسد کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران موجودہ علاقائی مسائل پر خاصی توجہ دی گئی، جن میں غزہ کی پٹی میں تشدد کے جاری غیرمعمولی اضافے کے ساتھ ساتھ یمن، سوڈان اور شام کی صورتحال کی روشنی میں فلسطینی اسرائیل تنازعہ کے حل کے امکانات بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ماسکو اور ریاض مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانوں کو فوری طور پر سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے حق میں یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں. اس دوران دوطرفہ اور عالمی ایجنڈے کے تمام پہلوؤں پر باقاعدہ سیاسی مذاکرات اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے روس اور سعودی عرب کے باہمی عزم کی تصدیق کی گئی۔