ڈالر کی بجائے متبادل مالیاتی نظام تیار ہورہا ہے، روس
ماسکو (صداۓ روس)
بریکس کے رکن ممالک ڈالر کی جگہ پر ایک محفوظ متبادل مالیاتی سسٹم تیار کر رہے ہیں۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے انٹرنیشنل بریکس ٹی وی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ روس کے شہر قازان میں بریکس اجلاس کے انعقاد کے ساتھ ہی روسی وزارت خزانہ اور سینٹرل بینک کی میٹنگوں میں بھی ادائیگیوں سے ڈالر کو حذف کرنے اور ایک محفوظ مالیاتی سسٹم کا جائزہ لیا گیا ہے ۔
روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے لیکن ابھی تک اسے حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا یہ مسودہ ایک قابل اعتماد، پائیدار اور طویل المیعاد مالیاتی سسٹم پر منتج ہوگا۔ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ برازیل جو بریکس کا آئندہ صدر ہے، اس پروجیکٹ پر کام جاری رکھے گا۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس بات کے پیش نظر کہ امریکہ ڈالر سے عالمی معیشت میں ایک اسلحے کا کام لیا جا رہا ہے، ایک متبادل مالیاتی سسٹم ضروری ہے جو اپنا عالمی تسلط محفوظ رکھنے کے لئے امریکی اقدامات سے، اقتصاد اور معیشت کو محفوظ رکھ سکے۔