پاکستان اور روس کا شاہراؤں، ریل اور فضائی رابطوں کو بہتر بنانے پر اتفاق
ماسکو : اشتیاق ہمدانی
پاکستان کے وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری اور روس کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ رومان اسٹارووائٹ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں فریقین کی جانب سے دو طرفہ رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جس میں واضح کیا گیا کہ یہ روابط نہ صرف پاکستان اور روس بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ خیال رہے وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری ماسکو میں پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے 9ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے موجود ہیں۔ سردار اویس لغاری نے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہتے ہوئے انہیں پورے خطے کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔
اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے تمام منصوبوں، بشمول سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کا جائزہ لیا۔ وزیر توانائی لغاری نے روسی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اسٹارووائٹ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے رابطوں کو جاری رکھنے اور تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔