گوادر میں جدید ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر چین کے شکر گزار ہیں، پاکستان
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر میں بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ 30 دسمبر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین ۔پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی، ائیر پورٹ سکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہو جائے گا۔ پاکستان کی نجی ائیر لائینز، چین، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیر لائینز سے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج ، وئیر ہائوسز، کورئیر سروسز کی سہولیات، کارگو شیڈز، تکنیکی گرائونڈ سپورٹ آلات، فیول فارمز، ہوٹلز اور شاپنگ مالز کی لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔