ہومانٹرنیشنلعالمی منڈی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
عالمی ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) نے بتایا ہے کہ 2024 میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مجموعی طور پر 2.1 فیصد کمی دیکھی گئی تاہم دسمبر 2023 کے بعد گزشتہ برس کے آخر تک ان میں 6.7 فیصد اضافہ ہوا۔ 2024 میں سال بھر ‘ایف اے او’ کا غذائی قیمتوں کا اشاریہ 122.0 درجوں پر رہا جو کہ 2023 کی مجموعی قدر کے مقابلے میں 2.1 فیصد کم تھا۔ عالمی سطح پر اناج اور چینی کی خریداری میں کمی اس کی بنیادی وجہ رہی جبکہ خوردنی تیل، دودھ کی مصنوعات اور گوشت کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔

16 برس میں مہنگا ترین چاول
دسمبر 2024 میں اناج کی قیمتوں کے اشاریے میں نومبر کے مقابلے میں کوئی قابل ذکر تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی جبکہ یہ دسمبر 2023 کے مقابلے میں 9.3 فیصد کم رہا۔ اس دوران مکئی کی خریداری میں قدرے اضافہ ہوا جبکہ گندم کی درآمدات میں کمی واقع ہوئی۔

2024 میں سال بھر یہ اشاریہ 113.5 درجوں پر رہا جو کہ 2023 کے مقابلے میں 13.3 فیصد کم تھا۔ اس طرح قیمتوں کے اشاریے میں 2022 کے بعد مسلسل دوسرے سال کمی دیکھی گئی۔

‘ایف اے او’ کے چاول کی قیمتوں کے اشاریے میں 2023 کی اوسط سطح کے مقابلے میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 16 برس کی بلند ترین سطح پر رہیں۔

گوشت کی خریداری میں اضافہ
دسمبر 2024 میں خوردنی تیل کی قیمتوں کے اشاریے میں نومبر کے مقابلے میں 0.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم یہ گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں 33.5 فیصد زیادہ تھیں۔ 2024 میں سال بھر ان کی اوسط قیمتوں میں 2023 کے مقابلے میں 9.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ دنیا بھر میں خوردنی تیل کی برآمد معمول سے کم رہی۔

دسمبر 2024 میں گوشت کی قیمتوں کے اشاریے میں نومبر کے مقابلے میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پہلے متواتر تین ماہ تک ان قیمتوں میں کمی ہوتی رہی تھی۔ تاہم، دسمبر 2023 کے مقابلے میں گوشت کی قیمت 7.1 فیصد تک زیادہ رہی۔ 2024 میں سال بھر گوشت کی اوسط قیمتوں میں 2023 کے مقابلے میں 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال بیف، مٹن اور پولٹری کی خریداری میں بھی اضافہ ہوا۔

چینی سستی، دودھ مہنگا
2024 میں دودھ کی مصنوعات کی قیمتیں متواتر سات ماہ اضافے کے بعد دسمبر میں کم ہو گئیں۔ نومبر کے مقابلے میں ان قیمتوں میں 0.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم دسمبر 2023 کے موازنہ کیا جائے تو ان میں 17.0 فیصد اضافہ ہوا۔ 2024 میں سال بھر دودھ کی مصنوعات کی قیمتوں میں 2023 کی اوسط کے مقابلے میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا جس کا سبب مکھن کی قیمتوں میں اضافہ تھا۔

گزشتہ سال دسمبر میں چینی کی قیمتیں نومبر کے مقابلے میں 5.1 فیصد کم رہیں۔ گنا پیدا کرنے والے ممالک میں اچھی فصل اس کا بڑا سبب تھا۔ دسمبر 2023 کے مقابلے میں چینی کی قیمتوں میں 10.6 فیصد کمی ہوئی جبکہ 2024 میں سال بھر ان کی اوسط قیمتوں میں 2023 کے مقابلے میں 13.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل