ہومانٹرنیشنلبنگلہ دیش کے نیول چیف کا پاک بحریہ کی امن مشق میں...

بنگلہ دیش کے نیول چیف کا پاک بحریہ کی امن مشق میں خطاب سمندری تحفظ کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور

بنگلہ دیش کے نیول چیف کا پاک بحریہ کی امن مشق میں خطاب سمندری تحفظ کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور
کراچی (صداۓ روس)

بنگلہ دیش کے نیول چیف ایڈمرل نظم الحسن نے کہا ہے کہ سمندری تحفظ کے لیے مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں اور میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممالک کو دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

پاک بحریہ کی زیر قیادت کثیرالقومی “امن مشق 2025” کا چوتھا روز انتہائی اہمیت کا حامل رہا، جس میں میری ٹائم سکیورٹی اور خطے کے استحکام پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ مشق کے دوران مختلف ممالک کی بحری افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور مشترکہ بحری تحفظ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

امن ڈائیلاگ کی پروقار اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے نیول چیف ایڈمرل نظم الحسن نے خطے میں پائیدار امن و امان کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات اور سمندری راستوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر میری ٹائم سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا. خطے کے امن و استحکام میں پاک بحریہ کی امن مشق انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ میری ٹائم سکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنانا ہوگا تاکہ سمندری حدود کو درپیش خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔

ایڈمرل نظم الحسن نے اس موقع پر پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحری افواج کے درمیان تعاون اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد سے خطے میں میری ٹائم تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سمندری راستوں کی حفاظت، بحری قزاقی کے خاتمے اور غیر قانونی سمندری سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے تمام ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

بنگلہ دیش کے نیول چیف کے خطاب نے میری ٹائم سکیورٹی کے حوالے سے ایک جامع نقطہ نظر پیش کیا، جس میں علاقائی تعاون، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، اور مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ان کے مطابق، امن مشق جیسے اقدامات نہ صرف موجودہ سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر حل پیش کرتے ہیں بلکہ مستقبل میں سمندری استحکام کے لیے بھی راہ ہموار کرتے ہیں۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل