ہومپاکستانالیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز کیس کی سماعت...

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز کیس کی سماعت آج ہوگی

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز کیس کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد (صداۓ روس)

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں زیر التوا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشنز سے متعلق کیس کی سماعت آج ہوگی۔ یہ کیس مارچ 2024 سے زیر التوا ہے، اور اس پر الیکشن کمیشن نے کئی اعتراضات اٹھائے تھے۔

نجی ٹی وی چینل “دنیا نیوز” کے مطابق، الیکشن کمیشن میں اس کیس کی سماعت آج صبح 10 بجے ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے بیرسٹر گوہر علی خان سمیت درخواست گزار اکبر ایس بابرکو نوٹس جاری کر رکھا ہے، اور تمام فریقین کو سماعت کے دوران اپنے دلائل پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشنز پر قانونی اور تکنیکی بنیادوں پر اعتراضات اٹھائے تھے۔ کمیشن کا مؤقف ہے کہ پارٹی کے اندر ہونے والے انتخابات کے طریقہ کار میں بعض بے ضابطگیاں موجود ہیں، جو الیکشن قوانین اور سیاسی جماعتوں کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہیں۔

اکبر ایس بابر اور دیگر درخواست گزاروں نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ انتخابات شفاف طریقے سے نہیں کرائے گئے اور پارٹی قیادت نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اکبر ایس بابر، جو پی ٹی آئی کے بانی اراکین میں شمار ہوتے ہیں، اس سے قبل بھی پارٹی کے مالی معاملات اور تنظیمی ڈھانچے پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔

یہ کیس کئی مہینوں سے زیر التوا ہے اور اس دوران پی ٹی آئی کی قیادت کو مختلف قانونی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات پر ہونے والی سماعتوں کے دوران الیکشن کمیشن نے بارہا وضاحت طلب کی ہے کہ آیا یہ انتخابات پارٹی آئین اور ملکی قوانین کے مطابق کرائے گئے یا نہیں۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل