روس میں مال بردار ٹرین پٹری سے اترگئی
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے امور ریجن میں ٹرانس بائیکل ریلوے پر مال بردار ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئیں۔ اس کی اطلاع 15 مارچ کو روسی ریلوے پریس سروس نے دی۔ یہ واقعہ ماسکو کے وقت کے مطابق شام 06:47 پر چلگنی-اوشم سیکشن پر پیش آیا۔ واضح رہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آنے والی ٹرین کا ڈرائیور تصادم میں زخمی ہوا ہے۔ روسی ریلوے کے ٹیلی گرام چینل میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے سیکشن پر ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا کے اس حادثے کے بعد اب مسافر ٹرینوں میں تاخیر متوقع ہے.
چار ریکوری ٹرینیں جائے حادثہ پر بھیجی گئیں، اور روسی ریلوے نے پٹری سے اترنے کو ریسکیو کرنے کے لیے ایک ٹیم بھی روانہ کی ہے تاہم واقعے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس سے قبل، 10 مارچ کو کیمیروو ریجن میں ایک ڈیزل انجن پٹری سے اتر گیا تھا۔ یہ واقعہ شنٹنگ آپریشن کے دوران پیش آیا، اور پراسیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔