ہومپاکستانسکیورٹی گارڈز کا شہری پر تشدد، نجی سکیورٹی کمپنی کا دفتر سیل،...

سکیورٹی گارڈز کا شہری پر تشدد، نجی سکیورٹی کمپنی کا دفتر سیل، شوکاز جاری

سکیورٹی گارڈز کا شہری پر تشدد، نجی سکیورٹی کمپنی کا دفتر سیل، شوکاز جاری
لاہور (صداۓ روس)

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق ایک نجی سکیورٹی کمپنی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے تحت مذکورہ سکیورٹی کمپنی کے دفتر کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کمپنی کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ 30 روز کے اندر شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کرائے۔ اگر کمپنی کی جانب سے دیا جانے والا جواب غیر تسلی بخش ثابت ہوا تو اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ مزید برآں، کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو 17 مارچ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے تاکہ وہ معاملے پر وضاحت پیش کر سکیں۔

یہ کارروائی لاہور میں ہونے والے ایک افسوسناک واقعے کے بعد کی گئی، جس میں ایک نجی سکیورٹی کمپنی کے اہلکاروں نے سرعام غنڈہ گردی کی۔ یہ واقعہ کینال روڈ پر بیجنگ انڈر پاس کے قریب پیش آیا، جہاں غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی پر مامور سکیورٹی گارڈز نے ایک شہری کی گاڑی کو زبردستی روکا اور اس پر فائرنگ کر دی۔

واقعے میں متاثرہ شہری عمران نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی سے نکل کر ایک سکیورٹی گارڈ کو قابو کر لیا۔ اس موقع پر باقی گارڈز نے شہری کو بٹ مارے اور جلدی سے گاڑیوں میں بیٹھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم عمران نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اپنی گاڑی حملہ آوروں کی گاڑی کے آگے لگا دی اور انہیں روک لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے چار سکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔ اس واقعے کے بعد اعلیٰ حکام نے فوری طور پر معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی کمپنی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل